کراچی:کورنگی سے 3 ماہ قبل اغوا ہونے والی نو عمرلڑکی بازیاب کرلی گئی، پولیس حکام کے مطابق ملزمان کا گروہ مغوی لڑکی کو فروخت کرنا چاہتا تھا، متاثرہ لڑکی کے مطابق ملزمان 3 ماہ تک اُسے زیادتی کا نشانہ بھی بناتے رہے۔
ایس ایس پی انویسٹی گشن کورنگی ، ملک سنگھا رکا کہنا ہے کہ 06 اکتوبر2021 کو 16 سالہ لڑکی کو کرایہ دار میاں بیوی بازارلے جانے کا کہہ کرلے گئے اور واپس نہیں آئے جس پر مغوی لڑکی کے والد نے اغوا کا مقدمہ نمبر 1086/2021 دو ملزمان بنام میر گل اور سلمہ زوجہ میر گل کیخلاف درج کرایا۔
کیس انویسٹی گیشن کو مکمل ہونے کے بعد انویسٹی گیشن کورنگی نے ٹیکنیکل بنیادوں پر چھاپہ مار کارروائی میں اغوا میں ملوث تین ملزمان میر گل، ممتاز اور جہانگیر کو گرفتار کیا۔گرفتار دو ملزمان آپس میں سگے بھائی ہیں اور ملزمان کا گروہ اغوا شدہ لڑکی کو فروخت کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔
ملک سنگھار کے مطابق پولیس نے بازیاب مغوی لڑکی کو حفاظتی تحویل میں لیکر میڈیکل کیلئے روانہ کر دیا اور متاثرہ لڑکی کے مطابق دونوں بھائی تین ماہ تک اسے زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔گرفتار ملزمان کا گروہ اغوا سمیت زیادتی کا مرتکب ہے۔پولیس کی جانب سے گرفتار ملزمان کیخلاف ضابطے کی کارروائی جاری ہے۔