کراچی:محکمہ موسمیات نے کراچی میں ایک بار پھر بارش کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں 5 اور6 جنوری کو بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا نیا مغربی سسٹم 31 دسمبر کو بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہوگا، نیا مغربی سلسلہ موسم سرما کے سابقہ سسٹم سے زیادہ طاقتور ہے، بارش اور ہواؤں کا سسٹم بلوچستان کے اضلاع پر زیادہ شدت سے اثرانداز ہوگا، سسٹم ملک کے شمالی علاقوں میں بھی بارش کا باعث بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نئے مغربی سلسلے کے سبب شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور کہیں تیز بارش متوقع ہے، 4 جنوری سے شہر میں سسٹم کے تحت بوندا باندی متوقع ہے جب کہ 3 جنوری تک سرد ہوائیں مسلسل چل سکتی ہیں، اس دوران دن کے وقت مطلع صاف اور رات میں سرد رہنے کا امکان ہے۔