کراچی: شہر قائد میں مٹی کے طوفان کے باعث دیواریں اور چھتیں گرنے سے4 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرد آلود ہوائیں چلنے لگیں۔ تیز ہواؤں کے باعث نارتھ ناظم آباد ,گلشن معماراورگلبائی میں دیواریں گرنے کے واقعات میں4 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
کراچی کےعلاقے گلشن معمار میں گھر کی دیوارگرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی لاش عباسی اسپتال منتقل کی گئی،اورنگی میں مکان کی دیوارگرنے سے 6 سالہ بچہ فرمان زخمی ہوگیا جسے شدید زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسااجبکہ نیو کراچی الیون بی میں زیر تعمیرعمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا۔
اسی طرح کراچی کےعلاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 3 افراد جبکہ سپارکو روڈ پرمکان کی چھت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔گلشن اقبال میں تیز ہواؤں نے مکانوں کی چھتیں اڑا دیں جبکہ تیز ہوا سے درخت جڑوں سے اکھڑ گئے۔
کراچی میں تیز ہوائوں کے جھکڑاورگردو غبار سے پاپوش نگر میں اسکول کی دیواراوردرخت گرگیا، تیز ہوا سے ناردرن بائی پاس نزد پاور ہاؤس گلبائی کانٹا موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں ان کی شناخت صادق اور اجمل کے نام سے ہوئی۔ گرد آلود ہواؤں کے باعث موٹر سائیکل سواروں کو مشکلات پیش آ رہی ہیں،بعض مقامات پر حد نگاہ نصف کلومیٹر سے بھی کم رہ گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مغرب سے آنے والی تیز ہوائیں 30 ناٹیکل میل کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا کی رفتار بعض اوقات 35 ناٹیکل میل تک بھی پہنچ جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تیز ہوائیں رات گئے تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ تیز ہوائیں پرانے درختوں اور کمزور ڈھانچے کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔