افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ بھی پرفارم کرینگے۔فائل فوٹو
افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ بھی پرفارم کرینگے۔فائل فوٹو

پاکستان سپر لیگ کا میلہ سج گیا۔ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز مد مقابل

پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز آج نیشنل سٹیڈیم کراچی میں مختصرافتتاحی تقریب کے بعد ہو گا، دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگزکی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی،میچ شام7 بجے شروع ہوگا۔

کراچی میں آج کرکٹ کا بڑا میلہ سجنے کو تیار ہے جس کے لیے کرکٹ کے دیوانے شدت سے منتظر ہیں۔ گراونڈ کا انتظام پاک فوج نے سنبھال لیا۔ رینجرزاورپولیس کی بھاری نفری بھی تعینات ہے۔ افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم اور آئمہ بیگ بھی پرفارم کرینگے۔

بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی جانب سے ون ڈے اور ٹی 20 کی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن پرآنے والے بابر اعظم کراچی کنگزکی قیادت کریں گے جبکہ ان کے ساتھی اوپنر اور کیلنڈر ائیر میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد رضوان ملتان سلطانز کو لیڈ کریں گے۔

کرکٹ میلے کا دوسرا میچ کل کوئٹہ گلیڈی ایٹرزاور پشاور زلمی کے مابین کھیلا جائے گا۔ زلمی کے کپتان وہاب ریاض ہیں جبکہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سرفراز احمد کے ذمے ہے۔

این سی او سی کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق کورونا ایس او پیز کے تحت کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں 25 ہزار تماشائیوں کو آنے کی اجازت دی گئی ہے، لاہور میں اگلے مرحلے کے لیے تماشائیوں تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔

نیشنل اسٹیڈیم میں داخلے کے وقت ماسک پہننا لازمی ہوگا، آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد، پٹاخے، سگریٹ، ماچس ممنوع ہو گا، بینر،پوسٹر پر مذہبی یا فحش جملوں کی بھی ممانعت ہوگی۔