فراڈ کیس۔ملزمان کو 7,7 سال قید ۔1 ارب 77 کروڑ 65 لاکھ روپے جرمانہ عائد

کراچی:احتساب عدالت نے کال میٹ ٹیلیپس فراڈ کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان احمد جمیل انصاری اور محمد اجمل انصاری کو 7,7 سال قید اورمجموعی طور پر1 ارب 77 کروڑ 65 لاکھ روپے  جرمانہ کی سزاسنا دی۔

احتساب عدالت میں ٹیلی کام سیکٹر میں بڑے فراڈ کا جرم ثابت ہوگیا۔ عدالت نے کال میٹ ٹیلیپس فراڈ کیس کا 10 سال بعد فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمان احمد جمیل انصاری اور محمد اجمل انصاری کو 7،7 سال قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے ملزمان پر مجموعی طور پر1 ارب 77 کروڑ 65 لاکھ روپے  جرمانہ بھی عائد کیا۔اس کےعلاوہ عدالت نے ضمانت پر رہا دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے جیل بھیجنے کا حکم بھی دیا۔

عدالت نےعدم شواہد پرایک ملزم حسن جمیل انصاری کو بری کردیا جبکہ ریفرنس کے 2 مفرور ملزمان عرفان محمود اورعمران محمود کا کیس داخل دفتر کردیا۔دونوں مفرور ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف چئیرمین کال میٹ ٹیلپس شجاعت علی کی درخواست پرانکوئری کی گئی تھی۔