لانگ مارچ سے کچھ ہوگا نہ دھرنوں سے۔شیخ رشید

راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے کچھ ہوگا نہ دھرنوں سے، عدم اعتماد کی بات کرنیوالوں کو پتہ ہونا چاہیے بندے لانا پڑتے ہیں، وزیراعظم نے کابینہ میں ایمرجنسی اور صدارتی نظام کی کوئی بات نہیں کی۔

شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  میں نے کہاتھا فنانس بل سینیٹ سے منظور ہوجائےگا، سب کو معلوم ہو چکا ہے کہ قومی اسمبلی کے  بعد سینٹ سے بھی حکومت کا ہر بل منظور ہو جاتا ہے، اندر سے 14 سے 15 آدمی عمران خان کے ساتھ ہیں، عدم اعتمادکی بات کرنے والوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ بندے لانے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور23 مارچ والے آجائیں، کیا ہوگا ؟ بلاول آئیں، موسم ابرآلود نہیں ہوگا، مطلع صاف ہوگا، مولانا فضل الرحمن کو بھی آنے کا شوق ہے تو آجائیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں  صدارتی نظام کی بات نہیں کی، اور نہ کی کسی ایمرجنسی کے حوالے سے بات ہوئی ہے، آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے، 23 مرتبہ ہم آئی ایم ایف کے پاس جاچکے ہیں، آئی ایم ایف سے ہمارے جان چھوٹے گی جب ملک کی معیشت بہتر ہوگی، مجھ سے کسی نے بات نہیں کہ کوئی وزارت تبدیل ہوگی، کسی نے مجھ سے وزارت تبدیل ہونے کی بات کی تو اپنی شفارشات پیش کروں گا۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ساری دنیا کو افغانستان کی مدد کرنی چاہیے، چین ہمارا ہر موسم کا دوست ہے، وزیراعظم 3 فروری کو چین کا دورہ کریں گے، دورہ چین سے مستقبل کے معاملات پر پیشرفت ہوگی، امریکا کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہونے چاہئیں، فوج نے گزشتہ روز 5 کشمیریوں کو شہید کیا۔