ٹی ٹی پی کے مطالبات قابل قبول نہیں ۔وفاقی وزیر داخلہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی ) نے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ کیا ہے، ٹی ٹی پی کے مطالبات قابل قبول نہیں ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے دو دہشت گرد اسلام آباد میں مارے گئے ہیں۔ ملک میں کوئی صدارتی نظام نہیں آرہا، کوئی ڈیل ہو رہی ہے نہ ڈھیل،اپوزیشن بڑے شوق سے اپنا شوق پورا کرلے، دنیا میں ایسا کوئی لیڈر نہیں جو اپنے ملک سے بھاگے، نواز شریف بد قسمت ہیں کہ وہ جعلی رپورٹوں پر باہرگئے اورانہیں پر باہر مقیم ہیں ۔

شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں،27 فروری اور23 مارچ کوعوام دیکھ لیں گے،ان تلوں میں تیل نہیں، سعودی عرب کے ساتھ ہمارے رشتے ہمالیہ سے بھی بلند ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ ایک سال میں 87 نئے نادرا سینٹرزکھولے ہیں ، سندھ میں 13 پاسپورٹ سینٹرز بنانا چاہتے ہیں ، سندھ حکومت کی وجہ سے تاخیر ہو رہی ہے، ساڑھے تین سال میں ایسا کوئی بل نہیں جس میں حکومت نہ جیتی ہو، ایف آئی اے میں تبادلے ہوئے ہیں اورانہیں صرف وزیراعظم روک سکتے ہیں ۔