کراچی:پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل ) کے ساتویں ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکی طرف سے اپنا پہلا میچ کھیلنے والے شاہد آفریدی نے ایونٹ کی تاریخ کا بد ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
شاہد آفریدی نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف میچ میں چار اوورز میں 67 رنز دیے اور سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے ۔ ان کے چار اوورز میں بلے بازوں نے 16.75 کی ایوریج سے رنز اسکور کیے جو پی ایس ایل کی سات سالہ تاریخ کا سب سے زیادہ اسکور ہے۔
اس سے قبل یہ بدترین ریکارڈ لیگ سپنر ظفر گوہر کے نام تھا، جنہوں نے گزشتہ سال اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے پشاور زلمی کیخلاف چار اوورز کے اسپیل میں 65 رنز دیے تھے اور وکٹ بھی حاصل کرنے سے محروم رہے تھے۔