(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

اتحادی ہر وقت بلیک میل کرتے رہتے تھے۔عمران خان

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اتحادی ہر وقت بلیک میل کرتے رہتے تھے،جس کی وجہ سے قانون سازی میں مشکلات ہوتی تھیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ روز ٹوئٹر اسیپسس(Twitter Spaces)کے سیشن میں اظہارخیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کچھ ایسے لوگ ہمارے ساتھ تھے جن کو لگتا تھا کہ اقتدار میں آکراپنے بزنس کو فائدہ پہنچائیں گے اور غیر قانونی کام کریں گے ،ہم نے انہیں روکنے کی کوشش کی جس کی وجہ سے مسائل آئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو عمران خان سے زیادہ فوج کی ضرورت ہے ،نواز شریف کو این آراو ملتا ہے تو پاکستان کے جسٹس سسٹم کو کوئی بھی نہیں مانے گا۔

عمران خان سے سوال پوچھا گیا کہ اگرآپ کو فارن فنڈنگ کیس میں نا اہل کردیا جاتا ہے تو آپ کا آئندہ لائحہ عمل کیا ہوگا اورکارکنوں کیلیے کیا پیغام ہوگا؟ اس سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ اس کیس میں کوئی چیز نہیں،  اگرچہ انہیں الیکشن کمیشن کے اوپرکوئی اعتماد نہیں ہے لیکن اس کیس میں فارن فنڈنگ ہے ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے آرڈر دیا تھا کہ تمام پارٹیوں کی فنڈنگ ایک ساتھ دیکھی جائے  لیکن صرف پی ٹی آئی کے کیس کو ہی دیکھا جا رہا ہے، ہم اس سے پیچھے نہیں ہٹ رہے کیونکہ ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا۔