الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف جلد فیصلہ کرے۔فائل فوٹو
الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف جلد فیصلہ کرے۔فائل فوٹو

ملک بھر میں پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج

اسلام آباد:کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہر احتجاج کیا گیا اور الیکشن کمیشن کیخلاف نعرے بازی کی گئی، پی ٹی آئی کے اراکین صوبائی اورقومی اسمبلی بھی احتجاج میں موجود تھے۔

اسلام آباد میں ٹی آئی ارکان نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا، ان کاکہنا تھا کہ ہم الیکشن کمیشن کے جانبدارانہ رویے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔

مظاہرین نے کہا کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف جلد فیصلہ کرے، الیکشن کمیشن ن لیگ اورپیپلزپارٹی غیرملکی فنڈنگ کیس کیخلاف پی ٹی آئی درخواست پربھی جلد فیصلہ کرے۔

کراچی میں صوبائی الیکشن کمیشن کے دفترکے باہر پی ٹی آئی کے احتجاج کے سبب پولیس کی نفری موجود ہے، رہنما پی ٹی آئی فردوس شمیم نے مظاہرین سے خطاب کیا۔

فردوس شمیم کا کہنا تھا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر راجا سلطان کے خلاف احتجاج کررہے ہیں، پاکستان میں 70 سال سے ہارس ٹرینڈنگ ہو رہی ہے، آج تک کسی کو سزا نہیں دی گئی۔

لاہور میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں نے الیکشن کمیشن آفس کے باہر مظاہرہ کیا جس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمودالرشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن رویہ درست نہیں کرے گا تو روزانہ مظاہرہ کریں گے۔

میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ ہم اس لیے احتجاج کر رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے، متعصب ہے، لوٹوں کا ریفرنس بھیجے ایک ہفتہ گزر گیا، الیکشن کمیشن فیصلہ نہیں کر رہا۔

بھکر اور فیصل آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پرکارکنان نے ضلعی الیکشن کمیشن دفاتر کے باہر احتجاج کیا۔

پشاور میں بھی پی ٹی آئی کے کارکن الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہرمظاہرہ کیا،مظہرین نے روڈ بلاک کر دیا اور الیکشن کمیشن کے دفتر میں گھسنے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنا دیا،اس موقع پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔