کراچی:کلفٹن کے علاقے میں بے نظیر بھٹو شہید پارک کی جھیل میں نہاتے ہوئے متعدد افراد ڈوب گئے، جن میں سے 4 کی لاشیں نکال لی گئیں جب کہ بے ہوش ہونے والے 2 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بوٹ بیسن چورنگی کے قریب بے نظیر بھٹو شہید پارک کے اندر جھیل میں بدھ کے روز 2 افراد کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے بعد کئی افراد ایک دوسرے کو بچاتے ہوئے ڈوب گئے۔ اس دوران ایدھی کی بحری خدمات اور دیگر ریسکیو ٹیموں نے ایک لاش بدھ کی شب ، دوسری جمعرات کی علی الصبح اور تیسری اس کے بعد نکالی۔بعد ازاں جمعرات کی دوپہر تک ریسکیو حکام نے چوتھی لاش بھی نکال لی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت 18 سالہ ریاض، 25 سالہ اللہ داد ولد نیاز، سیف اللہ اور 18 سالہ حماد کے نام سے ہوئی۔ اللہ داد اور سیف اللہ کا آبائی تعلق پشاورسے تھا۔ متوفی اللہ داد کی لاش پولیس نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ضابطے کی کارروائی کے بعد تدفین کے لیے پشاور لے جانے کی اجازت دیدی جبکہ سیف اللہ کی لاش جمعرات کی صبح تقریباً ساڑھے8 بجے نکال کر جناح اسپتال منتقل کی گئی۔
رضاکاروں نے ایک دوسرے کو بچانے کے لیے ڈوبنے والے دیگر 2 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں نکال کر تشویش ناک حالت میں جناح اسپتال منتقل کیا اور دیگر لاپتا افراد کی تلاش جاری رکھی۔ واقعے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے فوری مدد نہ ملنے پر علاقہ مکینوں نے سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کر دیا ۔ مظاہرین نے کہا کہ ضرورت کے وقت حکومتی عملہ اور مشینری دستیاب نہیں ہوتی۔
پولیس ذرائع کے مطابق بے ہوشی کی حالت میں نکالے جانے والے دونوں افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے جب کہ ریسکیو حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈوبنے والے تمام افراد کو نکال لیا گیا ہے، جن میں سے 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ جاں بحق افراد کے لواحقین نے بتایا کہ ڈوبنے والے افراد سلطان آباد کے رہائشی اور تفریح کی غرض سے یہاں آئے تھے۔