کراچی (رپورٹ:محمد نعمان اشرف) کے الیکٹرک نے دیر رات غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بنا لی،بعض علاقوں میں رات 2 بجے بند ہونے والی بجلی صبح بحال کی جاتی ہے ،رات کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری ذہنی اذیت میں مبتلا ہونے لگے ہیں ،رات کو سونے کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ سے سخت گرمی کے باعث شہری راتیں جاگ کر گذارنے پر مجبور ہیں۔کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شہر میں مارکیٹیں جلدی بند ہونے کے باوجود کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں کو بجلی فراہمی میں ناکام ہوگئی ہے ،شہر کے مختلف علاقو ں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14گھنٹے سے تجاوز کرگیا ہے ،کے الیکٹرک نے کراچی کے مختلف علاقوں میں دیر رات غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کرنا معمول بنا لیا ہے ،کراچی کے متعدد علاقوں میں رات 12 بجے کے بعد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کیا جاتا ہے جو صبح تک جاری رہتا ہے ،غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہری دہری اذیت میں مبتلا ہوگئے ہیں ،صبح کے اوقات دفتر جانے والے شہری بھی رل گئے ہیں ،امت سروے کے مطابق صدر،لائنزایریا،کالا پل،بزرٹہ لائن ،جیکب لائن اور جٹ لائن کے علاقوں میں 14گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،متاثرہ علاقوں میں دن کے اوقات تین بار ساڑھے 3گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے اس کے علاوہ رات 2 بجے کے بعد 3گھنٹے مزید بجلی بند کردی جاتی ہے ،ان علاقوں میں رات 3 بجے کے بعد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شروع کی جاتی ہے جو صبح تک جاری رہتی ہے ،شدید گرمی اور حبس میں لائٹ نہ ہونے سے شہری گرمی سے بلبلا اٹھے ہیں ،
لیاقت آباد،نیو کراچی ،ناظم آباد،گلبرک کے علاقوں میں بھی 12گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،متاثرہ علاقوں میں رات 2 بجے کے بعد بجلی بند کردی جاتی ہےجو کئی گھنٹوں بعد بحال ہوتی ہے ،کھارادر،میٹھادر اور لیاری کے علاقوں میں بھی گھنٹوں لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ،لیاری کے مختلف علاقوں میں دن کے اوقات 3گھنٹے سے زائد کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے تین بار اور رات کو بند کی جانے والی بجلی صبح کے وقت بحال ہوتی ہے ،لیاری کے شہری محمد آیاز نے امت کو بتایا کہ کے الیکٹرک شدید گرمی اور حبس میں گھنٹوں لائٹ بند کررہی ہے ،دوپہر کے اوقات شدید گرمی ہوتی ہے ،گھر آو تو بجلی ہی نہیں ہوتی ،ہم نے کئی بار ان کے خلاف احتجاج کیا ہے لیکن کے الیکٹرک انتظامیہ اپنا قبلہ درست نہیں کررہی ہے ،ساری رات علاقے میں بجلی بند ہوتے ہی اب لگتا ہے ان کے خلاف دوبارہ احتجاج کرنا پڑے گا،بزرٹہ لائن کے شہری محمد وقاص نے بتایا کہ رات 12 بجے کے بعد علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے ، رات 2 بجے علاقے کی بجلی بحال ہوتی ہے جو ایک گھنٹے بعد واپس چلی جاتی ہے ،بعض اوقات رات 3 بجے جو بجلی بند ہوتی ہے وہ صبح 8 بجے بحال ہوتی ہے پھر صبح 10 بجے چلی جاتی ہے ،کے الیکٹرک صرف 3 گھنٹے کے لیئے بجلی دے رہی ہے اور ہزاروں روپے کا اضافی بل بھیج رہی ہے ،دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ سخت گرمی میں رات 2 بجے سے صبح تک لوڈ شیڈنگ سے رات کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں،نیند پوری نہ ہونے کے باعث صبح کے اوقات میں ملازمت پر فرائض انجام دینے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔شہریوں نے حکام بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ رات کو سونے کے اوقات میں لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے۔