شوہرنے8 بچوں کی ماں کو قتل کر دیا

کراچی:سپرہائی وے سکندر گوٹھ کی رہائشی 8 بچوں کی ماں شوہر کی فائرنگ سے جاں بحق ہوگئی ،ملزم موقع سے فرار ہو گیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ملزم نے مقتولہ پر2 ماہ قبل بھی چھری سے قاتلانہ حملہ کیا تھا، جس میں وہ شدید زخمی ہوگئی تھی۔پولیس کے مطابق ملزم مقتولہ کا خالہ زاد اورگھرداماد تھا ،مقتولہ کی شناخت 35 سالہ شازیہ بخاری دختر سید غلام اکبر شاہ کے نام سے کی گئی ،مقتولہ شازیہ 8 بچوں کی ماں تھی، جس میں 6 لڑکیاں اور 2 لڑکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے ماموں زاہد نے بتایا کہ شازیہ کے والدین نے ملزم شاہد کو کاروبار کے لیے 2 سے 3 گاڑیاں خرید کردی تھیں، تاہم اس نے ایک ایک کر کے تمام گاڑیاں فروخت کر دیں اور اب شازیہ کا گھر فروخت کرنا چاہتا تھا، جس کے لیے وہ اکثراس پرتشدد کرتا تھا ۔ ملزم نے 2 ماہ قبل 12 مئی کو بھی شازیہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے دوران اس کے گلے پر چھری پھیرکرقتل کرنے کی کوشش کی تھی۔ جس کا مقدمہ سچل تھانے میں درج کر دیا گیا تھا۔

ہفتہ اوراتوارکی درمیانی شب تقریباً ڈھائی بجے ملزم گرل کے راستے گھر میں داخل ہوا، پہلے اس نے اہلیہ پر تشدد کیا، پھرگولیاں مار کر زخمی کیا اور گلے پرچھری ماری۔ ملزم کے 3 سے 4 ساتھی گھر کے باہر موجود تھے۔  واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا ۔ شازیہ کو اسپتال لایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔