تہران میں سیلاب اور لینڈ سلائڈنگ سے 6 افراد ہلاک        

تہران:  ایرانی دارالحکومت کے مغرب میں واقع گاؤں میں سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے 6 افراد جاں بحق جب کہ متعدد لاپتہ ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا نے ایران کے سرکاری ٹی وی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دارالحکومت تہران کے قریب گاؤں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے چھ افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ گاؤں میں کئی کئی فٹ تک مٹی جمع ہوگئی۔

سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ امامزادہ داؤد کا مزار بھی لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کی وجہ سے متاثر ہوا ہے جب کہ لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر 9 افراد زخمی اور 14 افراد لاپتہ ہوگئے جن کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ایرانی حکام نے شہریوں کو مزید موسلادھار بارشوں سے متعلق خبردار کیا ہے اور شہریوں کو پہاڑی علاقوں اور دریا کے کناروں پر آباد علاقوں سے دور رہنے کی درخواست کی ہے۔

تہران کے مغرب میں واقع گاؤں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ جنوبی ایران میں سیلاب کے ایک ہفتے بعد رونما ہوا ہے جس میں 22 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔