ایرانی شہر زاہدان میں جھڑپیں، 41 ہلاکتوں کا دعوٰی

تہران(اُمت نیوز) ایک غیر ملکی این جی او نے دعوٰی کیا ہے کہ ایران کے شہر زاہدان میں پاسداران انقلاب، مسلح افراد اور مشتعل مظاہرین کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں 41 افراد ہلاک ہوگئے ہیں ،جن میں پاسداران کے کمانڈرز سمیت 5 سیکیورٹی اہلکار شامل ہیں تاہم سرکاری ذرائع نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ناروے میں قائم این جی او ’’ایران ہیومن رائٹس‘‘ کی جانب سے جاری بیان میں دعوٰی کیا گیا ہے کہ جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان کے شہر زاہدان میں دو روزسے جاری ہنگاموں میں ہلاکتوں کی تعداد 41 ہوچکی ہے جس میں زیادہ تر شہری شامل ہیں۔

این جی او کے بیان میں الزام عائد کیا  گیا ہے کہ زاہدان میں نماز جمعہ کے بعد شروع ہونے والے احتجاجی مظاہرے کو پاسداران انقلاب نے طاقت کے ذریعے کچلنے کی کوشش کی اور مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کی اور یہ سلسلہ زاہدان کے مختلف علاقوں میں تاحال جاری ہے۔

دوسری طرف ایران کے سرکاری میڈیا نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ نماز جمعہ کے بعد باغی مسلح افراد نے نمازیوں کے درمیان خود کو چھپالیا اور سیکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب پہنچ کر دھاوا بول دیا جس میں پاسداران انقلاب کے کمانڈر سمیت 5 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔