سندھ کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں 25 لاکھ بچوں کی تعلیم متاثر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم سندھ نے سید سردار شاہ نے عالمی مالیاتی بینک کے وفد سے ملاقات میں سیلاب سے ہونے والے نقصان کے حوالے بتایا کہ سندھ میں 2.5 ملین بچوں کی تعلیم متاثر ہوئی ہے۔برسات اور سیلاب سے اسکول کی عمارتیں کمزور ہو چکی ہیں۔ حفاظتی اقدامات کے تحت بچوں کو کمزور عمارتوں میں نہیں بیٹھا سکتے ہیں۔15 ہزار ٹینٹ کی اس وقت ضرورت ہے تاکہ ٹینٹ میں کلاسسز کا آغاز کیا جا سکے۔
گزشتہ روز اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس نے اسلام آباد میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) اور یونیسیف کے نمائندوں کے ہمراہ پریس بریفنگ سے خطاب کے دوران کہا کہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اس وقت 5 ہزار سے زائد اسکولوں کو بے گھر سیلاب متاثرین کے لیے بطور پناہ گاہ استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ سیلاب کے سبب اندازاً 23 ہزار 900 اسکولوں کو نقصان پہنچ چکا ہے۔