سعودی بچہ اسکول بس میں سوتا رہ گیا، دم گھٹنے سے جاں بحق

ریاض(امت نیوز) مشرقی سعودی عرب کی القطیف کمشنری میں پانچ سالہ سعودی بچہ حسن علوی اسکول بس میں سوتے رہ جانے پر دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق الشرقیہ محکمہ تعلیم کے ترجمان سعید الباحص نے بتایا کہ ’بس ڈرائیور اسکول پہنچنے پر بچوں کو چیک کرنا بھول گیا۔‘
محکمہ تعلیم نے واقعے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سامی العتیبی ٹیم کی نگرانی کر رہے ہیں۔
الشرقیہ محکمہ تعلیم کے ترجمان نے حسن علوی کے اہل خانہ سے بچے کی ہلاکت پر تعزیت کا بھی اظہار کیا۔
اسکول بس میں طالب علم کی ہلاکت کا واقعہ سوشل میڈیا پر زیربحث ہے۔ صارفین نے ذمہ دار عناصر کے احتساب کا مطالبہ کیا ہے۔