عمران دور حکومت میں قومی خزانے کو کروڑوں روپے نقصان کا انکشاف

اسلام آباد(امت نیوز) 2020ء میں سی پیک منصوبے کے سپورٹ پروجیکٹ سے قومی خزانے کو 73 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔
آڈیٹر جنرل کی رپورٹ نے سابقہ دور حکومت میں پروجیکٹ اہداف حاصل کرنے میں ناکامی کا کچا چٹھا کھول دیا۔
نجی نیوز چینل کے مطابق اسے موصولہ سرکاری دستاویزات کے مطابق چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کے سپورٹ پروجیکٹ سے 2020ء میں قومی خزانے کو 73 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔
سرکاری دستاویزت سے پتہ چلتا ہے کہ سی پیک سپورٹ پروجیکٹ اہداف حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہا، تمام نقصان سابقہ دور حکومت (پی ٹی آئی دور) میں ہوا۔
آڈیٹر جنرل نے اپنی رپورٹ میں سفارش کی ہے کہ سی پیک منصوبے کا سپورٹ پروجیکٹ فوراً بند کردینا چاہئے، منصوبے کے سپورٹ پروجیکٹ کیلئے فنڈز پر اکتوبر 2020ء میں نظرثانی کی گئی اور بتایا گیا کہ پروجیکٹ کے ملازمین منصوبے کے اصل مقاصد پر کام نہیں کررہے۔
رپورٹ کے مطابق تجویز دی گئی کہ پروجیکٹ کو بند کردیا جائے تاکہ قومی خزانے کا مزید نقصان نہ ہو۔
دستاویزات کے مطابق سپورٹ پروجیکٹ کا مقصد چین پاکستان اقتصادی راہداری کے جاری منصوبوں کی دیکھ بھال اور انہیں وقت پر مکمل کرانا تھا۔