عمران پچاس سال سے ہمسایہ اور پیپلز پارٹی میری فیملی ہے- اعتزاز احسن۔فائل فوٹو
 عمران پچاس سال سے ہمسایہ اور پیپلز پارٹی میری فیملی ہے- اعتزاز احسن۔فائل فوٹو

اعتزاز احسن کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج

اسلام آباد:چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے اعتزاز احسن کے بیان کو غیر ضروری قرار دیتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کی درخواست نمٹا دی۔

عدلیہ مخالف بیان پر اعتزاز احسن کے خلاف کیپٹن (ر) صفدر کی جانب سےدی گئی توہین عدالت کی درخواست کی سماعت کے آغاز پر درخواست گزار نے عدالت کو متنازع بیان سے متعلق آگاہ کیا، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ کو اس عدالت پر اعتماد ہے؟، کیا کوئی اس عدالت کو Influence کر سکتا ہے؟۔

وکیل نے جواب دیا کہ ہمیں عدالت پر مکمل اعتماد ہے، چیف جسٹس نے کہا کہ غیر ضروری طور پر آپ کیوں ایسے بیانات کو اہمیت دے رہے ہیں۔ ایسے بیانات روزانہ دیے جارہے ہیں، وی لاگز میں کیا کچھ کہا جاتا ہے۔غیر ضروری طور پر عدالت اس کو اہمیت نہیں دے گی۔مس رپورٹنگ بھی ہورہی ہے۔ جو جس کا جی چاہتا ہے کر رہا ہے۔ اس کا حل توہین عدالت نہیں۔

کیپٹن (ر) صفدر نے عدالت کو بتایا کہ ایک شخص 40 سال سے وکالت کر رہا ہے، کہہ رہا ہے باجوہ نے کیس سے نکلوایا۔ کل یہی کلپ مخالفین اٹھا کر کہیں گے کہ کسی نے کیس سے بری کروایا ہے ۔ چیف جسٹس نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ 2018ء میں کوئی اگر اس عدالت کو Influence نہیں کر سکا تو اب بھی کوئی نہیں کر سکتا ۔

عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کو ہدایت دی کہ آپ غیر ضروری چیزوں میں نہ جائیں۔یہ عدالت کسی سے غیر ضروری وضاحت طلب نہیں کرے گی۔ اس کیس میں آرڈر کر کے نمٹا دیں گے۔ بعد ازاں عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر کی اعتزاز احسن کے متنازع بیان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست نمٹا دی۔