مقبوضہ کشمیر میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کی اپیل

سری نگر(اُمت نیوز)مقبوضہ کشمیر میں 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے یوم سیاہ کے طور پر منانے کی اپیل کی گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں سری نگر اور دیگر علاقوں میں پوسٹرچسپاں کیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پوسٹر کے ذریعے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائیں۔
مقبوضہ کشمیر کی دیواروں، عمارتوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں کیے گئے پوسٹروں میں کہا گیا ہے کہ کشمیری حق خودارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ پوسٹر جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ اور وارثین شہدا کی جانب سے آویزاں کیے گئے جب کہ پوسٹرز میں کہا گیا ہے کہ کشمیری غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف جدوجہد آزادی جاری رکھنے کے پابند ہیں۔
پوسٹروں میں بیرون ملک میں مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ بھارتی بی جے پی اور آر ایس ایس حکومت کے ہندوتوا ایجنڈے کا ڈٹ کر مقالبہ کریں اور 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منائی۔
واضح رہے کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے سری نگر کے ہوائی اڈے پر فوج اتار کر جموں و کشمیر پر کشمیریوں کی مرضی کے خلاف قبضہ جما لیا تھا۔