قطر ، فٹبال ورلڈکپ کی جعلی ٹرافیاں بڑی تعداد میں ضبط

قطر(اُمت نیوز)قطر میں بڑی تعداد میں فٹبال ورلڈکپ 2022کی جعلی ٹرافیاں ضبط کرلی گئیں ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی( اے ایف پی) کے مطابق دوحہ میں انتظامیہ نے فٹبال ورلڈکپ کی 144جعلی ٹرافیاں ضبط کرلیں۔
قطر کے وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ ہمیں اطلاع ملی کہ ایک ویب سائٹ جعلی ورلڈکپ ٹرافی بناکر فروخت کررہی ہے، معلومات ملنے پر چھاپا مارا گیا۔
سوشل میڈیا پر وزارت داخلہ کی جانب سے قبضے میں لی گئی ٹرافیوں کی تصویر بھی جاری کی گئی جس میں ایک فرش پر بڑی تعداد میں فٹبال ورلڈکپ کی جعلی ٹرافیوں کو دیکھا جاسکتا ہے۔
وزارت نے یہ نہیں بتایا کہ ٹرافیاں کہاں سے ملی ہیں اور نہ ہی کسی مشتبہ افراد کے حراست میں لینے کے حوالے سے بتایا گیا۔
واضح رہے کہ قطر میں ہونے والے ورلڈکپ کا آغاز 20 نومبر کو میزبان ملک اور ایکواڈور کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔