آبدوزوں کی پیداوار میں پاکستان خود کفیل ہوجائیگا، جہانزیب احسن

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان آئندہ برسوں میں آبدوزوں کی پیداوار میں خود کفیل ہونے جا رہا ہے۔ یہ بات ایکسپو سینٹر کراچی میں دفاعی نمائش میں کراچی شپ یارڈ کے اسٹال پر موجود جنرل منیجر ڈیزائن اینڈ شپ بلڈنگ، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس لمیٹڈ کموڈور محمد جہانزیب احسن نے بتائی

۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی شپ یارڈ نے پاکستان نیوی کے ساتھ ہنگور کلاس کی آٹھ آبدوزیں فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ کراچی شپ یارڈ اس ضمن میں ایک ٹیکنالوجی ٹرانسفرمعاہدے کے تحت 4آبدوزیں چین میں تیار کررہا ہے جبکہ باقی چار آبدوزیں پاکستان میں تیار کرکے پاکستان نیوی کو فراہم کردی جائیں گی ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان آبدوزوں کی تکمیل کے بعد ملک آبدوزوں کی پیداوار میں خود کفیل ہوجائے گا ۔ انہوں نے پروجیکٹ کے حوالے سے مزید کہا کہ پاکستان نیوی کیلئے Milgem کلاس کارویٹ جنگی جہاز بھی ترکی کے ساتھ مل کر تیار کیا جا رہا ہے تاکہ فضائی،زمینی اور آبدوزوں کے آپریشنز کا مقابلہ زیادہ موثر انداز میں کیا جا سکے اور ساتھ ہی پاک بحریہ کی دن رات نگرانی اور انٹیلی جنس اکٹھا کرنے کے آپریشنز کی صلاحیت میں اضافہ ہو سکے۔ کراچی شپ یارڈ نے بہت سے منصوبوں میں خود کفالت حاصل کی ہے اور آنے والے سالوں میں خاص طور پر ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاہدوں کی تکمیل کے بعد بہت سے اہم سنگ میل عبور کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شپ یارڈ نے جناح کلاس فریگیٹ کے پروٹو ٹائپ پر بھی کام شروع کر دیا ہے جو سطحی، زیر سمندر اور فضائی حملے اور ریسکیو کے علاوہ نگرانی، انٹیلی جنس اور دیگر جدید سہولیات سے بھی لیس ہوگا۔