OIC سیکریٹری جنرل کی کشمیریوں کی حمایت پر بھارت تلملا گیا

اسلام آباد(اُمت نیوز)بھارت اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل کی مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی کی حمایت پر تلملا گیا۔
بھارت نے سیکریٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طحٰہ کے کشمیر کی حمایت میں بیان کو اندرونی معاملات میں مداخلت اور پاکستان کا بیانیہ قرار دے دیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی کا کہنا تھا کہ او آئی سی کا جموں کشمیر کے معاملات پر کوئی ٹھوس مؤقف نہیں ہے۔
جموں کشمیر بھارت کا اٹوٹ اور ناقابل تنسیخ حصہ ہے، او آئی سی سیکریٹری جنرل کی بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت ناقابل قبول ہے۔
ان کا دعویٰ تھا کہ او آئی سی نے حقائق کے منافی رویہ اپنا کر پہلے ہی اپنی ساکھ کھو دی ہے۔
واضح رہے کہ او آئی سی وفد نے 10 سے 12 دسمبر تک پاکستان کا دورہ کیا تھا، سیکریٹری جنرل او آئی سی کی سربراہی میں وفد نے لائن آف کنٹرول کا دورہ بھی کیا۔
جہاں انہوں نے کشمیری عوام کے لیے گہرے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کشمیر کاز کے لیے او آئی سی کی مکمل حمایت کا یقین دلایا تھا۔