فیفا ورلڈکپ: مراکش سے قطر کیلئے اچانک پروازیں منسوخ

قطر(اُمت نیوز)فیفا فٹبال ورلڈکپ کے سیمی فائنل کیلئے مراکش سے قطر کیلئے اچانک پروازیں منسوخ کردی گئیں جس پرمداحوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑگیا۔
فیفا فٹبال ورلڈکپ کا دوسرا سیمی فائنل رات 12 بجے فرانس اور مراکش کے درمیان ہوگا۔ مراکش کی ٹیم پہلی بار سیمی فائنل میں پہنچی ہے اور میچ دیکھنے کیلئے ہزاروں مراکشی مداحوں نے قطر جانے کیلئے تیاری کر رکھی تھی جس کیلئے بکنگ بھی کرالی گئیں تھیں۔
رپورٹس کے مطابق مراکش کی سرکاری ائیر لائن نے بھی دوحہ کیلئے اضافی 30 پروازوں کا اعلان کیا تھا تاہم قطری حکام کی جانب سے مراکشی ائیر لائن کو 7 پروازیں چلانے کی اجازت دی گئی تھی۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ قطر نے مراکش سے فلائٹ آپریشن اچانک روک دیا ہے جس پر مراکشی مداح مایوس ہوگئے۔
مراکشی ائیر لائن نے بیان میں کہا ہے کہ قطر ائیرویز نے رائل ائیر مراکو کا فلائٹ آپریشن روک دیا ہے جس پر وہ مسافروں سے معذرت خواہ ہیں اور ان کی رقم واپس کردی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق مراکش کے مداحوں نے قطر میں ہوٹلز رومز اور ٹکٹس بک کرالیے تھے اور اب اچانک فلائٹس کی منسوخی کے بعد مسافروں کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا ہوگا۔
مراکش کے شہریوں نے فلائٹس کی منسوخی پر مایوسی کا اظہار ہے۔
دوسری جانب مراکش کی فٹبال ایسوسی ایشن نے سیمی فائنل میں ٹیم کی سپورٹ کیلئے اسٹیڈیم کے 13 ہزار فری ٹکٹس کا اعلان کیا ہے اور دیگر ممالک میں رہنے والے مراکش کے شہری بڑی تعداد میں قطر پہنچ رہے ہیں جہاں وہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔