سپر اسٹار میسی نے ورلڈ کپ 2022 میں 7 گول کئے
اتوار 18 دسمبر 2022, 11:46 شام
      آخری اپ ڈیٹ پیر 19 دسمبر 2022, 3:15 صبح
|, اسپورٹس, اہم خبریں
فیفا(امت نیوز) ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن اور فرانس کے درمیان اعصاب شکن مقابلے میں ارجنٹائن کے سپر سٹار لیونل میسی نے ایک مرتبہ پھر سے اپنا لوہا منوا دیا ہے۔
فرانس کے خلاف فائنل میں میسی نے دو گول کیے اور اس طرح ٹورنامنٹ میں انہوں نے سات گول کیے، جبکہ ورلڈ کپ کیریئر میں ان کے 13 گول ہو گئے۔
لیونل میسی نے اس ورلڈ کپ میں گروپ اسٹیج، راؤنڈ آف 16، کوارٹر فائنل، سیمی فائنل اور فائنل میں گول کیے۔
35 سالہ سپرسٹار کسی بھی فٹبال ورلڈ کپ میں ہر ناک آؤٹ میچ میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ میسی نے اس ٹورنامنٹ میں 6 میں سے 4 گول پینلٹی کِکس پر کیے ہیں جبکہ انہوں نے ٹیم کے لیے گول کرنے میں ساتھی کھلاڑیوں کی تین مرتبہ مدد کی ہے۔
میسی ارجنٹائن کی جانب سے مجموعی طور پر سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنے ملک کے لیے اب تک 97 گول کیے ہیں۔
اس کے علاوہ میسی نے 7 مرتبہ فٹبال کا معتبر ایوارڈ بالن ڈور بھی اپنے نام کیا ہوا ہے۔
میسی نے اسپین کی فٹبال لیگ لا لیگا میں بارسلونا فٹبال کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے 778 میچز میں 672 گول کیے ہیں جبکہ فرانسیسی لیگ ون کی ٹیم پیرس سینٹ جرمن کی جانب سے انہوں نے 53 میچز میں 23 گول سکور کیے ہیں۔
یوں ارجنٹائن کے سپرسٹار فٹبالر نے اپنے انٹرنیشنل اور لیگ کیریئر میں 1002 میچ کھیل کر 792 گول کیے ہیں۔
میسی نے بارسلونا کے لیے اپنے شاندار کیریئر میں 35 ٹرافیاں جتوائیں جبکہ موجودہ کلپ پی ایس جی کو انہوں نے ٹائٹل جتوایا اور 2021 میں ارجنٹائن کو انہوں نے کوپا امریکہ کا ٹائٹل جتوا دیا۔