کراچی(اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور پولیس نے لیاری میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے قتل،اقدام قتل،بھتہ خوری،پولیس مقابلوں اور اسلحہ کی غیر قانونی خریدوفروخت میں ملوث گینگ وارکے 2 دہشت گردوں کو گرفتارکرلیا،گرفتار ایک ملزم کے سر قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔
پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر لیاری میں مشترکہ کارروائی کی۔ اورقتل،اقدام قتل،بھتہ خوری،پولیس مقابلوں اور اسلحہ کی غیر قانونی خریدوفروخت میں ملوث دو انتہائی مطلوب ملزمان شکیل عرف کمانڈواور محمد ندیم عرف ندو کو گرفتارکرکے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کرلیا
ترجمان رینجرز کے مطابق دوران تفتیش ملزم شکیل عرف کمانڈو نے انکشاف کیا کہ وہ لیاری گینگ وار کمانڈر عبدالرحمان بلوچ گروپ میں شامل ہوکر اپنے مخالف غفار ذکری گروپ کے کارندوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملو ث ہے اور عیدولین میں قائم ٹارچر سیل کا انچارج بھی رہا
ملزم نے ٹارگٹ کلنگ ،بھتہ وصولی ،پلاٹوں پر قبضے ،منشیات فروشی ،اسلحہ کی غیرقانوی خریدوفروخت اور پولیس مقابلوں میں ملوث ہونے کا بھی اعتراف کیا ،ملزم 2013 میں لیاری گینگ وار نور محمد عرف بابالاڈلا گروپ میں شامل ہوکر مختلف مقامات پر اسلحہ ڈمپ کرنے میں بھی ملوث ہے
سندھ حکومت کی جانب سے ملزم شکیل عرف کمانڈو کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی، ملزم ندیم عرف ندو 2011 میں لیاری گینگ وار عزیر گروپ میں شامل ہوکر جوئے اور منشیات کے اڈے چلانے میں ملوث ہے،دونوں ملزمان کراچی آپریشن کے دوران ایران فرار ہوگئے تھے اور حال ہی میں کراچی واپس آکر اپنا نیٹ ورک بحال کرنے کی کوشش کررہے تھے ،گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن مزید قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کردیا گیا