لاہور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش، سردی بڑھ گئی

لاہور:  ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، جھنگ ، شورکوٹ میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ کوئٹہ ، زیارت پشین سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔

پنجاب کے مختلف شہروں لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، جھنگ، ننکانہ صاحب، شورکوٹ، اٹک ، بورے والا، شیخوپورہ، میاں چنوں، قصور اور سانگلہ ہل سمیت گردونواح میں موسم سرما کی پہلی ہلکی ہلکی بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے مقامات کوئٹہ، زیارت ، پشین ، ڈیرہ بگٹی سمیت گردونواح میں بھی ہلکی بارش سے سردی بڑھ گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد ، گلیات اور دیگر شہروں میں بھی بارش کی پیش گوئی کر دی ہے۔

بلوچستان میں بارش اور برفباری کی صورتحال کے باعث محکمہ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، پی ڈی ایم اے کی جانب سے اعلانیہ پابندی کے تحت تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ اور ڈیوٹی کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ (پی ڈی ایم اے) کے مطابق برف باری کے مقامات پر آمدورفت کو یقینی بنانے کیلئے عملہ اور مشینری پہنچا دی گئی۔

حکام کے مطابق ایمرجنسی صورتحال کے دوران ریسکیو فورس، سپورٹنگ سٹاف کے ساتھ ساتھ پی ڈی ایم اے کے افسران کو بھی ہر وقت دفتروں میں رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں سے بھی اس موسم میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کرنے کی اپیل کی ہے۔