کراچی میں گیس سلینڈر دھماکے میں گرین لائن بس بال بال بچ گئی

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پل کے نیچے گیس سلنڈر کا دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ جبکہ دھماکے میں گرین لائن منصوبے کی بس بال بال بچ گئی۔

پیر کو سرجانی ٹاؤن میں گرین لائن بس کے لیے بنائے گئے پل کے نیچے واقع دکان میں سلنڈر پھٹ گیا۔ جبکہ کچھ افراد کے مطابق ایک سے زائد سلنڈر پھٹے جس میں سے ایک پل کے اوپر سے گزرتا ہوا دوسری جانب جا گرا۔ دھماکے کی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آگ کے شعلے بلند ہو رہے ہیں اور جیسے ہی اوپر سے گرین لائن بس گزرتی ہے تو ایک اور زوردار دھماکا ہوتا ہے جس کے شعلے گرین لائن کے روٹ کے بھی اوپر تک جاتے ہیں۔

تاہم خوش قسمتی سے گرین لائن بس حفاظت کے ساتھ گزر جاتی ہے اور کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوتا۔