آئندہ تنگ نہ کرنے کا وعدہ لے کر آتشیں مخلوق کو معاف کر دیا۔فائل فوٹو
آئندہ تنگ نہ کرنے کا وعدہ لے کر آتشیں مخلوق کو معاف کر دیا۔فائل فوٹو

’’دم کیا گیا گُڑ کھلانے سے جن حاضر ہوگیا‘‘

میگزین رپورٹ :
صوفی صاحب نے ایک اور واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ، میرا ایک بیٹا اسلام آباد میں رہتا ہے۔ اس کی ساس کے سر میں بہت شدید درد شروع ہوگیا۔ اس کا شوہر ڈاکٹر تھا۔ انہوں نے بہت دم وغیرہ کرائے۔ لیکن نتیجہ بے سود…۔ ان کی تمام محنت رائیگاں گئی۔ سر درد کے اس مرض کے ہاتھوں وہ بہت پریشان تھے۔

ایک دن کسی نے ان سے کہا کہ آپ کے تو اپنی قریبی عزیز دم کرتے ہیں۔ آپ ان سے علاج کیوں نہیں کراتے؟ انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا اور کہنے لگیں ’’چاچا جی! دم کردیں‘‘۔ میں نے کہا ’’کس مرض کے لیے ؟‘‘ وہ کہنے لگیں ’’سر میں شدید درد ہوتا ہے۔‘‘ میں نے اپنے چھوٹے لڑکے سے گڑ منگوا کر دم کیا اورانہیں دیدیا اور ساتھ بتا بھی دیا کہ اسے نہار منہ کھانا ہے۔ جب دوسری صبح نہار منہ مریض نے گڑ کھایا تو ایک جن حاضر ہوگیا۔ وہ جن کیا حاضر ہوا، ان کے گھر میں ایک زلزلہ آگیا۔ وہ بھاگے بھاگے میرے پاس آئے اور کہنے لگے کہ آپ کے علاج سے آرام آنے کی بجائے نیا مسئلہ کھڑا ہوگیا ہے۔ میں نے انہیں حوصلہ دیا کہ میں اس کا بھی آکر علاج کرتا ہوں۔ میں اپنے گھر سے ہی ان کے گھر کا محاصرہ کرکے روانہ ہوا۔

میں نے سات مرتبہ سورۃ مزمل پڑھ کر تصور میں ہی ان کے گھر کا حصار اس لیے کھینچا کہ میرے وہاں جانے پر کہیں وہ جن بھاگ نہ جائے۔ محاصرہ کرنے سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ وہ جن چاہے کتنی ہی بلندی پر یا کتنا ہی دور کیوں نہ ہو، قابو میں آجاتا ہے۔ جب میں ان کے گھر پہنچا تو تمام اہل خانہ بہت پریشان تھے۔ جن نے ان کے گھر کا سارا سامان الٹ پلٹ دیا تھا۔ عزیز واقارب مجھے مخاطب کرکے پوچھنے لگے کہ آپ جنات کا علاج کیسے کریں گے؟ میں نے انہیں تسلی دی کہ میں نے ان کو عملیات کے ذریعہ جکڑ لیا ہے۔ اس لیے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

جب میں نے پڑھائی شروع کی تو معلوم ہوا کہ اس گھر میں ایک نہیں کئی جنات ہیں۔ جنات سے یہ وعدہ لے کر وہ آئندہ ان گھر والوں کو تنگ نہیں کریں گے، معاف کر دیا۔ اس کے بعد اللہ کے فضل سے میری عزیزہ کو دوبارہ کبھی سر درد کا مسئلہ پیش نہ آیا۔ ان واقعات کے بعد مجھے اپنی صلاحیتوں کا علم ہوا اور یوں میں نے بہت کام کیے۔ الحمد للہ، جس طرح گھر بیٹھے مجھے آسانی کے ساتھ روحانی عملیات پر دسترس حاصل ہوئی، اس سہولت کا موقع بہت کم خوش نصیبوں کو ملتا ہے۔

صوفی صاحب نے مزید بتایا کہ، روحانی وظائف میں قوت پیدا کرنے کے لئے میں اس عمر میں بھی روزانہ اتنی پڑھائی کرتا ہوں کہ عام آدمی کے بس کی بات نہیں کہ وہ روزانہ اتنی پڑھائی کے لئے وقت نکال سکے۔ لیکن اس کا فائدہ یہ ہے کہ اگر کسی گھر میں جنات کا اثر ہو تو میں مریض کو صرف اتنا ہی کہتا ہوں کہ وہ گھر جاکر میری طرف سے جنات کو صرف اتنا پیغام دے دے کہ ’’صوفی… کہتا ہے کہ اللہ کے حکم سے اس گھر سے دفع ہوجائو‘‘۔ اللہ تعالیٰ کا خصوصی فضل ہے کہ جس گھر میں میرا پیغام پہنچ جاتا۔ وہاں دوبارہ کبھی کسی جن کو شرارت کی جرات نہیں ہوتی۔ اگر کہیں زیادہ پیچیدہ مسئلہ ہو تو میں پانی دم کرکے دے دیتا ہوں۔ جس پر میں نے ایک ہزار مرتبہ قل شریف پڑھ کر دم کیا ہوتا ہے اور ساتھ ہی کچھ مسنون وظائف کے پڑھنے کی تاکید بھی کرتا ہوں۔ اکثر مریضوں کو اللہ کے فضل سے شفا مل جاتی ہے۔