تہران میں آذربائیجانی سفارتخانے پرحملہ،سیکورٹی افسر ہلاک

تہران (امت نیوز) ایران میں آذر بائیجان کے سفارتخانے پرفائرنگ کے واقعے میں سیکورٹی آفیسر ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ ایرانی پولیس کا کہنا ہے کہ آذر بائیجان کے سفارتخانے پر حملہ کرنیوالا ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آذر بائیجان کے وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ تہران میں آذری سفارتخانہ کے باہر ایک گارڈ پر حملہ کیاگیا ہے جس سے سیکورٹی سروس کا سربراہ جاں بحق ہوگیا اور دو گارڈ زخمی ہوگئے۔ وزارت نے کہا کہ ایران میں آذربائیجانی سفارت خانے کے باہر ایک گارڈ پوسٹ پر مسلح شخص کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہو گئے۔ حملہ آور نے گارڈ پوسٹ میں گھس کر سیکورٹی اہلکار کو کلاشنکوف سے مار ڈالا۔ آذربائیجانی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ سفارت خانے کی سیکورٹی سروس کے سربراہ اورحان سکاروف حملے کا جواب دیتے ہوئے ہلاک ہو گئے۔ ایرانی میڈیا نے آذربائیجانی سفارتخانے پر حملے کے ایک مشتبہ شخص کی گرفتاری کی بھی اطلاع دی۔ آذربائیجان نے واقعہ کی فوری تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ آج جمعہ کو اخبار ایران ڈیلی نے تہران کے پولیس چیف کے حوالے سے آذربائیجانی سفارت خانے پر حملے کے مجرم کی گرفتاری کا اعلان کیا۔ تہران پولیس کے سربراہ نے کہا کہ حملہ آور نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے حملہ ذاتی اور خاندانی مسائل کی وجہ سے کیا۔ پولیس سربراہ نے کہا حملہ آور اپنے دو بچوں کے ساتھ سفارتخانہ میں داخل ہوا تھا۔ آج جمعہ کو روسی وزارت خارجہ کی سرکاری ترجمان ماریہ زاخارووا نے تہران میں آذربائیجانی سفارت خانے پر مسلح حملے پر ماسکو کے صدمے کا اظہار کیا۔