افتخاراحمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔فائل فوٹو
افتخاراحمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔فائل فوٹو

نمائشی میچ,کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے مات دیدی

کوئٹہ: پی ایس ایل 8 کے نمائشی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 3 رنز سے شکست دیدی۔

نمائشی میچ میں پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں پشاور زلمی کو 185 رنز کا ہدف دیا۔

185 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بناسکی ، پشاور زلمی کی جانب سے محمد حارث اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا تاہم بابر 23 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

دیگر کھلاڑیوں میں شاہد آفریدی 25، اعظم  خان 6، صائم ایوب 19، عامر جمال ایک رنز بناسکے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین اور افتخار احمد نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے ،افتخاراحمد نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے 94 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد 4 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے احسان علی 5، عمر اکمل صفر اور عبدالواحد بنگلزئی 28، خوشدل شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

افتخار احمد نے پشاور زلمی کے وہاب ریاض کے آخری اوور میں 6 چھکے لگا کر اننگز کو اچھا اختتام دیا۔ پشاورزلمی کی جانب سے وہاب ریاض نے3 جبکہ عامر جمال اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ میں میچ کیلئے سٹیڈیم اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، میچ کے دوران 4 ہزار سے زائد پولیس اور فرنٹئیرکور کے اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔