ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، بھارت نے پاکستان کو ہرا دیا

کیپ ٹاؤن(امت نیوز) بھارت ویمن نے پاکستان ویمن کو 7 وکٹوں سے ہرا کر آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز کیا۔ بھارت ویمن کو میچ جیتنے کیلئے 150 رنز کا ہدف ملا جو اس نے ایک اوور قبل 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ بھارت ویمن کی جیت میں جمائمہ روڈریگرز اور وکٹ کیپر ریچا گھوش کی جارحانہ بیٹنگ نے اہم کردار ادا کیا، جمائمہ روڈریگرز نے 53 رنز بنائے، ریچا گھوش نے 20 گیندوں پر 31 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں، نشرح سندھو نے 4 اوورز میں 15 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرلیں جبکہ سدرا اقبال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ فاطمہ ثناء، ایمن انور اور ندا ڈار خاصہ مہنگی ثابت ہوئیں وہ بھارتی بیٹرز کی جارحیت کے آگے بند نہ باندھ سکیں۔ قبل ازیں وانڈررز پر پاکستان ویمن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 149/4 رنز اسکور کئے۔ کپتان بسمہ معروف نے شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے 55 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔ عائشہ نسیم نے بھی دو چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 25 گیندوں پر 43 رنز کئے۔ جمائمہ روڈریگرز کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ پاکستان ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنا دوسرا میچ بدھ کو آئرلینڈ کیخلاف کھیلے گا۔