جیل بھروتحریک:عمران خان نے22 فروری کو گرفتاری دینے کا اعلان کردیا

لاہور(امت نیوز)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے بائیس فروری کو گرفتاری دینے کا اعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ  بدھ بائیس فروری کو سب سے پہلے وہ گرفتاری دے کر جیل بھرو تحریک کا آغاز کریں گے اور پھر ملک بھر سے کارکنان و عوام رضاکارانہ گرفتاریاں دیں گے۔

لاہور کے علاقے زمان پارک میں عمران خان کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں جیل بھرو تحریک کی تیاریوں اور اہداف پر بات کی گئی

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عدلیہ خصوصاً ججز کیخلاف گھٹیا پراپیگنڈہ مہم شرمناک ہے، ن لیگ عدلیہ پر یلغار کی تاریخ رکھتی ہے، ججوں کی خریدو فروخت جیسی رسم بھی اُن کی ہی ایجاد ہے، غیرقانونی فون ٹیپنگ کے ذریعے ججز پر دباؤ ڈالنے اور انہیں آئین کی بالادستی کیلئے کردار ادا کرنے سے باز رکھنے کی کوششیں کی جارہی ہیں جبکہ اس اندھیرے میں عدلیہ قوم کی واحد امید ہے، ججز کو کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر دستور و قانون کو بالادست بنانا چاہیے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی دستور کی پامالیوں میں پی ڈی ایم کا کردار کلیدی ہے، حکومت ہمارے اتحادیوں کو انتقام کا نشانہ بنا کر انہیں خوفزدہ کرنے اور سیاسی آمریت کو پروان چڑھانے کی کوشش کررہے

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرچکا ہوں، حقیقی آزادی کیلئے رضاکارانہ طور پر جیلوں کو بھریں گے اور ملک کو امپورٹڈ ٹولے سے آزاد کرائیں گے، پاکستان میں قانون کی حکمرانی کے قیام کے بغیر استحکام آنا ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام حاصل نہیں ہوسکتا، قوم کو غلام بنانے کیلئے بنیادی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے  کہا کہ جو نگران حکومتیں لائی گئیں وہ جانب دار ہی نہیں ہمارے خلاف بھی ہیں، ہمارے لوگوں پر مقدمے ، ان کی بلاجواز گرفتاریاں کی جا رہی ہیں، امپورٹڈ حکومت کی فسطائیت اور دستور سے انحراف کی کوششوں کو کسی طور قبول نہیں کریں گے، انتشار کی راہ پر نکلنے کی بجائے آئین میں رہتے ہوئے مزاحمت کیلئے ‘جیل بھرو تحریک’ جیسا جمہوری طریقہ اختیار کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو ملک کو تباہی کی طرف لے کر جا ئیں وہ اسے ٹھیک کیسے کر سکتے ہیں ، مسلم لیگ ن نے 99 کی طرح 2018 میں بھی تباہ حال معیشت اپنے پیچھے چھوڑی اور آج بھی ملک کو تباہ کردیا، ہم بھی آئی ایم ایف کے پروگرام میں تھےمگر اس کے باوجود پاکستان نے ترقی کی، روپے کی گراوٹ کا ہر شعبے پر بُرا اثر پڑ رہا ہے اور مہنگائی عوا م کیلئے بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے ، ہم 16 ارب ڈالرکے ذخائر چھوڑ کر گئے جو آج تقریباً 3 ارب رہ گئے ہیں‘۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز نے چلنے پھرنے سے منع کیا پھر بھی مجھے عدالتوں میں متعدد بار بلایا جا رہا ہے