سیاسی عدم استحکام کےخاتمے تک مہنگائی ختم نہیں ہوگی،راناثنااللہ

سرگودھا(امت نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے صاف کہہ دیا ہے کہ جب تک ملک میں سیاسی عدم استحکام ختم نہیں ہوتا ، مہنگائی جاری رہے گی ۔ وزیرداخلہ نے مہنگائی کی ذمہ داری بھی عمران خان پر ڈال دی

سرگودھا میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران رانا ثنااللہ نے کہا کہ ملک پہلے ہی سیاسی طور پرعدم استحکام کا شکار ہے، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے ملک معاشی طور پر پیچھے جارہا ہے، سیاسی عدم استحکام ختم ہونے تک مہنگائی ختم نہیں ہوگی، فتنہ خان کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک عدم استحکام کا شکار ہے

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام مسلم لیگ ن سے محبت کرتے ہیں، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی، الیکشن میں اس فتنے اور اس کی جماعت کو شکست دیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن سے خوف ہے نہ پیچھے ہٹے ہیں، ہماری رائے ہے الیکشن اکٹھے اور وقت پر ہونے چاہئیں، الیکشن کےموقع پر پورے ملک میں نگراں حکومتیں ہونی چاہئیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی ضرورت صرف الیکشن نہیں ہے، پاکستان کی ضرورت صاف اور شفاف الیکشن ہے، الیکشن آئین میں درج طریقہ کار کے تحت ہونا چاہیے، الیکشن صاف اورشفاف ہوں، کوئی دھاندلی نہ ہو۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان اگر الیکشن ہارا تو نتائج تسلیم نہیں کرے گا، ایسے نتائج ہونے چاہییں جن کو پوری قوم تسلیم کرے۔