سوات:جماعت اسلامی کے زیراہتمام مہنگائی،بدامنی کیخلاف احتجاج

سوات(بیورورپورٹ)سوات میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام بدامنی،ٹیکسوں کے نفاذ اور ہوشربا مہنگائی کے خلاف احتجاج کی کال پر لوگوں کا سمندر سڑکوں پر نکل آیا، نشاط چوک پر ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں جماعت اسلامی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنوں اورسول سوسائٹی نے بھی شرکت کی اور سوات میں مزید بدامنی کو کسی صورت برداشت نہ کرنے کا عزام دہرادیا،

سینیٹر مشتاق احمد خان نے موجودہ حکومت پرشدید تنقید کرتے ہوئے دنیا کی سب سے بڑی 87رکنی کابینہ ختم کرنے،وزرا اور ارکان  پارلیمنٹ سمیت افسران اورججوں کے5سالہ ٹیکس گوشوارے عام کرنے کا مطالبہ کردیا

انہوں نے کہا کہ جب عوام کو مفت بجلی،پٹرول،گاڑی اور گھر نہیں مل رہاتو تمام سرکاری افسران سے بھی یہ مراعات واپس لی جائیں۔ ملک میں پٹرول مافیا،گندم مافیا،چینی مافیااورڈالر مافیا کا راج ہے اور عوام بھوکے مررہے ہیں،صرف ایف بی آر میں ایک ہزار ارب کی کرپشن ہورہی ہے، مینگورہ کے بنڑتھانے میں طالب علم عبید کے قتل میں ملوث قاتل سامنے نہ آئے تو پھر عوامی سمندر نکلنے پر مجبور ہوگا،

اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر عنایت اللہ خان، ضلعی امیر حمید الحق، جنرل سیکرٹری حیدرعلی خان،سٹی امیر مجاہدفاروق ایڈووکیٹ،سابق ضلعی امیر محمد امین،اظہار اللہ سمیت اے این پی کے ضلعی صدر ایوب خان،پی پی کے جنرل سیکرٹری اقبال حسین بالے،پختونخوا میپ کے ڈاکٹر خالد محمود اورسلیم خان،قومی وطن پارٹی کے ضلعی صدر شیر زادہ بہادرخان، حاجی زاہد خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

سنیٹر مشتاق احمد خا ن نے کہاکہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں 43کروڑ روپے کا ہیلی کاپٹر استعمال کیا ہے۔خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی حکومت نے کرپشن کے ریکارڈتوڑدئے اور آج ان کے وزیر اعلیٰ محمودخان اور وزراء اور ارکان  جواب دینے سے قاصر ہیں۔ پاکستان میں اس وقت گندم کے تین مہینوں کا اسٹاک موجود ہے لیکن اس کے باوجود مافیا نے بیس کلو آٹے کا ریٹ پندرہ سو سے بڑھا کر تین ہزارروپے کردیا ہے

انہوں نے کہاکہ ہمارے افسران اقوام متحدہ کے اہلکاروں سے بارہ فیصد زیادہ تنخواہ لے رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے عوام کو انصاف اور ریلیف دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ مالاکنڈڈویژن میں امن یقینی بنایا جائے اور ساتھ ہی اس علاقے کو آئندہ 10سال کیلئے ٹیکس سےاستثنیٰ دیا جائے، جس کی میں نے سینٹ سے قراردادبھی منظورکرالی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم ترقی کے خلاف نہیں لیکن سوات کے عوام کی زرعی اور قیمتی زرعی زمینوں پر موٹروے کی تعمیر کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے کہاکہ مینگورہ کے بنڑ پولیس اسٹیشن میں تھانیدار فیض اللہ نے تحفظ کی بجائے دہشت گرد بن کر ہمارے نوجوان عبیدخان کو قتل کردیا،ڈی پی او سوات نے عبید خان کے خاندان کو انصاف نہ دیا تو پھر ہم نکلیں گے اور وہ بھی محفوظ نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج ہمارا بچہ بچہ سوا دولاکھ روپے کا مقروض ہے، ڈالر کی قیمت بڑھ رہی،پٹرول سے لیکر ہر شے مہنگی ہوگئی ہے لیکن پھر بھی خزانہ نہیں بھر رہا ہے کیا حکمرانوں کا ایک ہی کام رہ گیا ہے کہ مہنگائی لائے۔