زرمبادلہ میں لگاتارتیسرے ہفتے اضافہ ،ذخائر3.81ارب ڈالر ہوگئے

کراچی(امت نیوز)چین کی جانب سے امداد ملنے کےبعد پاکستان کےزرمبادلہ کےذخائر بڑھ کر 3 ارب 81 کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں ۔یہ ہفتہ وار بنیادوں پر ہونے والا لگاتار تیسرا اضافہ ہے

چائنا ڈویلپمنٹ بینک کی جانب سے556 ملین ڈالر کا  کمرشل لون پاکستان کو موصول ہوگیا ہے

جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 24 فروری 2023 تک ملک کے پاس کل غیر ملکی ذخائر 9.26 بلین ڈالر تھے۔

کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص غیر ملکی ذخائر 5.45 بلین ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔

مرکزی بینک کی جانب سبے جاری بیان میں کہا گیا کہ 24 فروری 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو چین سے حکومت پاکستان کمرشل قرض کی تقسیم کے طور پر 700 ملین ڈالرز موصول ہوئے۔ بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کے حساب کتاب کے بعد، مرکزی کے ذخائر 556 ملین امریکی ڈالر سے بڑھ کر 3,814.1 ملین امریکی ڈالر ہو گئے۔

گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر 66 ملین ڈالر اضافے کے ساتھ 3.26 بلین ڈالر ہوئے تھے۔

مرکزی بینک کے ذخائر، جو 2022 کے آغاز میں تقریباً 18 بلین ڈالر تھے، ان میں حالیہ مہینوں میں نمایاں کمی آئی ہے، جو پاکستان کے لیے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ  پروگرام کا اگلا جائزہ مکمل کرنے کی فوری ضرورت پر زور دیتا ہے۔

ذخائر کی سطح درآمدی احاطہ کے ایک ماہ سے بھی کم پر ہے، جو روپے کی قدر میں شدید کمی کا باعث بنا ہے، جمعرات کو روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے 285.09 کی تاریخی کم ترین سطح پر بند ہوا۔