میرے پاس جنرل(ر)فیض حمید سے متعلق ثبوت ہیں، مریم نواز

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ان کے پاس سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ سے متعلق تو ثبوت نہیں لیکن سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے متعلق ثبوت موجود ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک سے ناکام کوئی تحریک نہیں تھی، ورکرز کو کہتے رہے جیل بھرو اور خود ڈر کے مارے گھر پر بیٹھے رہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا بیٹی ساتھ ہوتے ہوئے نواز شریف نے گرفتاری دی لیکن عمران خان نے بیٹی چھپائی ہوئی ہے، ڈیکلیریشن فارم میں جھوٹ بولتے ہیں، یہ فارن فنڈنگ میں اسرائیل اور بھارت سے پیسے لیتے ہوئے پکڑے گئے، ایک دن بھی جیل نہ کاٹنے والا نواز شریف سے مقابلہ نہیں کر سکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کو گرفتار کرکے بد ترین انتقام لیا گیا، ایک گھنٹے کے نوٹس پر کہا جاتا تھا کہ نواز شریف حاضر ہو، انہوں نے ہر کیس میں جھوٹ بولا ہوا ہے، عدالت میں پیش نہیں ہوتے، جس برق رفتاری سے نواز شریف کے کیسز چلتے تھے ان کے نہیں چلے۔
چیف آرگنائزر ن لیگ کا کہنا تھا عمران خان جانے والے آرمی چیف کا گریبان اور آنے والے کے پاؤں پکڑ رہے ہیں، میں فیض حمید کے ریٹائر ہونے کا انتظار نہیں کر رہی تھی، میرے پاس جنرل ریٹائرڈ باجوہ سے متعلق ثبوت نہیں، فیض حمید سے متعلق ہیں۔
ان کا کہنا تھا ملک میں فتنہ اور انتشار کرنے والے اور نواز شریف میں فرق ہے، سائفر کی جھوٹی کہانی گڑی گئی، ایک لیڈر جو اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہے وہ عوامی لیڈر کیسے ہو سکتا ہے، جب سے عمران خان کی بیساکھیاں گئی ہیں اس کا حال سب کے سامنے ہے، میں نہیں چاہتی کہ کسی کو سیاست سے باہر کیا جائے، میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں چاہتی لیکن جو جرائم اس کے ہیں سزا ہونی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں عمران خان کے ساتھ زیادتی نہیں چاہتی، زیادتی نواز شریف سے کی گئی جو اس نے سہہ لی، چاہتی ہوں عمران خان نے جو جرائم کیے کم از کم قانون اس پر حرکت میں آئے، نواز شریف بے گناہ نااہل ہوئے، ان کو انصاف ملنا چاہیے، ایک شخص 4 سال مال بناتا رہا، اس کی بیوی مال بناتی رہی، اس کی بیوی نے ایک فائل پر دستخط کے 5 قیراط کے ہیرے لیے، ایسے شخص کو نواز شریف کے ساتھ کیسے برابر کر رہے ہیں۔