9 مئی ہمیں غدار ثابت کرنے کے لیے پلان کیا گیا، فائل فوٹو
9 مئی ہمیں غدار ثابت کرنے کے لیے پلان کیا گیا، فائل فوٹو

توشہ خانہ کیس، عمران خان کے وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج

اسلام آباد:توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس میں اسلام اباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا ۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے عمران خان کے وارنٹ منسوخی کی درخواست خارج کردی،عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقراررکھے۔

قبل ازیں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کے کیس میں اہم پیشرفت ہوئی، عمران خان کی جانب سے ان کے وکیل قیصر امام، بیرسٹر گوہر اور علی بخاری نے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال کی عدالت میں درخواست دائر کی۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخی کے لیے دائر درخوست پر سماعت ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے کی۔عمران خان کے وکیل علی بخاری اور دیگر نے وارنٹ منسوخی کی درخواست پر دلائل دیے۔

سماعت کے دوران وکیل قیصر امام نے مؤقف اپنایا کہ پرائیویٹ کمپلیننٹ میں وارنٹ جاری کرنے سے کسی حد تک روکا گیا ہے، عدالت عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کرے۔

ایڈیشنل سیشن جج ظفراقبال نے ریمارکس دیے کہ 28 فروری کو صبح ہی عمران خان کے وکلا نے کہہ دیا تھا کہ وہ نہیں آئیں گے۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر وارنٹ گرفتاری کی منسوخ کے لئے دائر درخوست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے 28 فروری کو توشہ خانہ سے متعلق فوجداری کیس میں عدم حاضری پر عمران خان کے ناقابل ضمانت وانٹ جاری کیے تھے۔