لاشوں اور زخمی اہلکاروں کو سبی منتقل کیا گیا،فائل فوٹو
لاشوں اور زخمی اہلکاروں کو سبی منتقل کیا گیا،فائل فوٹو

بولان ،خود کش دھماکے میں 9 سیکیورٹی اہلکار شہید،15 زخمی

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بولان میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خود کش دھماکے میں 9 سیکیورٹی اہلکار شہید،15 زخمی ہوگئے۔

لیویز ذرائع کے مطابق کوئٹہ سبی شاہراہ پر کمبڑی پل کے مقام پر دھماکہ ہوا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے میں بلوچستان کانسٹیبلری کو نشانہ بنایا گیا۔

ایس ایس پی بولان محمود نوتیزئی نے کہا ہے کہ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ خودکش حملہ تھا تاہم دھماکے کی نوعیت کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ بم ڈسپوزل ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے ، دھماکے کے بعد علاقے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔

لاشوں اور زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ سبی منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ کوئٹہ اور سبی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار سبی میلے میں ڈیوٹی کرکے واپس آرہے تھے کہ رستے میں انہیں نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدامنی اور عدم استحکام پیدا کرکے صوبے کو ترقی سے روکنے کی سازش کی جارہی ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ عوام کے تعاون سے ان تمام سازشوں کو ناکام بنایا جائے گا۔انہوں نے شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔