آئی ایم ایف سے حتمی مذاکرات جمعرات کو ہوں گے،وزارت خزانہ

اسلام آباد(امت نیوز)پاکستان اورعالمی مالیاتی فنڈ  کے درمیان حتمی مذاکرات کل (بروز جمعرات) ہوں گے۔

وزارت خزانہ کے حکام نے بتایا کہ آج صرف گورنر اسٹیٹ بینک اور آئی ایم ایف میں مذاکرات کئے جائیں گے ، آئی ایم ایف ٹیم آج گورنر اسٹیٹ بینک سے بیرونی فنڈنگ پر حتمی مذاکرات کرے گی، آج ہونے والی ملاقات میں پاکستان کو 30 جون تک کی بیرونی فنڈنگ پر بات ہو گی۔

حکام وزارت خزانہ کے مطابق کل بروز جمعرات پاکستانی اور آئی ایم ایف حکام کی حتمی ملاقات ہو گی، پاکستان اور آئی ایم ایف حکام مشکل مذاکرات سے گزر چکے ہیں، کل ہونے والی ملاقات میں پروسیجرل معاملات پر بات کی جائے گی۔

خیال رہے کہ پاکستان ایک ارب ڈالر قرض کی قسط کے لیے آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کر چکا ہے اور آئی ایم ایف حکام بھی پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کر چکے ہیں۔