سوات میں خیبر پختونخوا کی تاریخ کی پہلی یونیورسٹیکا باقاعدہ افتتاح

سوات(بیورورپورٹ)سوات میں خیبر پختونخوا کی تاریخ کی پہلی یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسز کا باقاعدہ افتتاح کرلیا گیا ، سیکرٹری خیبر پختونخوا برائے لائیوسٹاک،فشریز اینڈ کواپریٹو مختیاراحمد خان نے فیتہ کاٹ کر یونیورسٹی کا باقاعدہ افتتاح کیا ، یونیورسٹی میں پیر کے روز سے باقاعدہ کلاسزکا اجراء کیاجائے گا ۔ اس حوالے سے کانجوٹاؤن شپ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا ، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسزکے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر عمر صدیق یونیورسٹی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور کہاکہ سابق صوبائی غکموت کی جانب سے قائم ہونے والی اس یونیورسٹی میں پیر کے روز سے پہلے بیج کے ڈی وی ایم اور ڈی وی ایس کی کلاسزکا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا ۔ڈی وی ایم کے 30 اور ڈی وی ایس کے 40 طلبہ اپنے پہلے سفر کا آغاز کریں گے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لائیوسٹاک،فشریز اینڈ کواپریٹو مختیاراحمد خان نے کہاکہ آج ہمیں بہت خوشی ہورہی ہے کہ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں سوات کی سرزمین پر صوبے کی پہلی ویٹرنری اینڈ اینمل سائنسزیونیورسٹی کا افتتاح کیا گیا ہے اور اب اس علاقے اور صوبے کے بچے پنجاب اور دیگر بڑے شہروں کی بجائے اپنے ہی صوبے میں ویٹرنری کی تعلیم حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا صوبہ ہر لحاظ سے خودکفیل ہے لیکن بدقسمتی سے ہم نے کبھی ان وسائل کا استعمال نہیں کیا لیکن آج خوشی کا دن ہے کہ سوات جیسی حسین وادی میں پاکستان کے 75 سال بعد خیبر پختونخوا میں پہلی یونیورسٹی قائم کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس یونیورسٹی کے قیام سے یہاں پر لائیو اسٹاک کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا بلکہ ساتھ ہی اس سے یہاں کی معیشت بھی پروان چڑھے گی، انہوں نے کہاکہ میری اولین ترجیح اکیڈمیا ، حکومت اور انڈسٹری کو ایک ساتھ چلانا ہے اور اس ضمن میں تمام تر وسائل کو بروئے کارلائے جائیں گے اور فارمز کو بھی ہم ہر قسم سہولیات فراہم کریں گے ،انہوں نے کہاکہ ننگولئی کے مقام پر زیرتعمیر یونیورسٹی کی اپنی عمارت پرمعاشی صورت حال کے باعث کام کی رفتار متاثر ہوئی ہے لیکن بہت جلد یہ پروجیکٹ بھی مکمل ہوگا اور ابتدائی طور پر ہم نے کانجو ٹاؤن شپ یونیورسٹی کو قائم کرکے باقاعدہ کلاسز کا اجراء کیا ہے تاکہ نوجوانوں کا مزید وقت ضائع نہ ہو۔ اس موقع پر ڈی جی اعجازعلی ، شاہ خسرواور ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر سربلند خان سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا ۔