آئی جی پنجاب نے عمران خان کے گھر کالعدم تنظیموں کے ارکان کی موجودگی کے شک پر رسائی دینے کی درخواست  دائر کی،فائل فوٹو
آئی جی پنجاب نے عمران خان کے گھر کالعدم تنظیموں کے ارکان کی موجودگی کے شک پر رسائی دینے کی درخواست  دائر کی،فائل فوٹو

عمران خان کی گرفتاری کا پروگرام؟زمان پارک میدان جنگ بن گیا

لاہور:پنجاب پولیس کی ٹیم توشہ خانہ کیس میں طلبی کے نوٹس کی تعمیل کے لیے عمران خان کی زمان پارک رہائش گاہ کو محاصرے میں لے لیا اور گرفتاری کا قوی امکان ہے جبکہ زمان پارک میں پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان آمنے سامنے آگئے،

زمان پارک میں پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان پر لاٹھی چارج شروع کر دیا ، منتشر کرنے کیلیے واٹر کینن اور آنسو گیس کےگولے برسائے جس پر کارکنان نے شدید پتھراو کیا۔

پولیس نے عمران خان کے گھر کے باہر کیمپوں کو اکھاڑ دیا گیا کئی کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا،جن میں زیادہ تر کا تعلق کے پی سے ہے، پولیس گیٹ نمبر ایک کے قریب پہنچ گئی ہے، پولیس اہلکار عمران خان کی رہائش گاہ  میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں شروع

پولیس نے زمان پارک کا گھیراو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریاں شروع کر دیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کارکنان کے پتھراو پر پولیس نے گرفتاریاں شروع کر دیں، ڈنڈا بردار کارکنان پولیس کے خلاف مزاحمت کرتے دکھائی دے رہے ہیں جس کے سبب پولیس کی پیش قدمی سست روی کا شکار ہے۔

پولیس کی شیلڈز سے محفوظ دستے لائن اپ کئے آگے بڑھ رہے ہیں جو عمران خان کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی کوشش کریں گے۔

اسلام آباد پولیس کے ہمراہ لاہور پولیس کی بھاری نفری بھی عمران خان کے گھر کے باہر ہے۔ پولیس نے زمان پارک جانے والے تمام راستے بند کردیے ہیں۔ پولیس نے بکتر بند گاڑی عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر پہنچا دی،پولیس کی بھاری نفری زمان پارک کے قریب موجود ہے۔

کارکنان کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچ گئی اور پولیس کے خلاف مزاحمت کے لئے پوزیشن سنبھال لی۔ انہوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھائے ہوئے ہیں اور شدید نعرے بازی کررہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیلیے پولیس کی نفری زمان پارک کی جانب رواں دواں ہے، پولیس کے دو افسران نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے ہیں، پلے کارڈز کے اوپر نوٹس موصول کروانے کے حوالے سے تحریر موجود ہے۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ بکتربند گاڑی عمران خان کی حفاظت کیلیے لائے ہیں ۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں نے پولیس سے استفسار کیا کہ بکتربند گاڑی کیوں آئی ہے جس پر پولیس نے کہا کہ گرفتاری کیلیے نہیں لائے۔

ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد  بھی زمان پارک پہنچ گئے ہیں ۔عمران خان کو طلبی کے نوٹس کی تعمیل کروائی جائے گی، سی سی پی اولاہورکی جانب سےسول لائن پولیس کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔