علیمہ خان بھائی کے دفاع کیلیے زمان پارک پہنچ گئیں

لاہور: حریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری پر ان کی بہن علیمہ خان بھائی کے دفاع کیلیے زمان پارک پہنچ گئیں۔

اس موقع پرعلیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے،ہمیں اور پاکستان کو عمران خان کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہادت سے کون ڈرتاہے ہم جان دینے کے لیے تیارہیں،فوج اور پولیس والے ہمارے محافظ، ہمیں نہیں ماریں گے۔سارے پاکستان کو معلوم ہے کہ یہ لوگ عمران خان کو مارنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ پر بھی مقدمات ہیں، اسے کوئی گرفتار نہیں کر رہا،عمران خان کا گناہ یہ ہے کہ اس نے الیکشن کا مطالبہ کیا ہے، عمران خان ہماری آواز ہے، ہم نے اس کا تحفظ کرنا ہے۔

توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے وارنٹ کی تعمیل اور گرفتاری کیلیے اسلام آباد پولیس زمان پارک پہنچ چکی ہے،پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے سخت مزاحمت کی جارہی ہے، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پتھراﺅ پر پولیس کی جانب سے لاٹھی چارج کیا گیاجس پر پی ٹی آئی کارکن پیچھے ہٹ گئے۔

پولیس کی جانب سے کارکنوں پر واٹر کینن کا استعمال کیا جارہا ہے جس سے کئی خواتین کارکنان کی حالت غیر ہو گئی ہے جن میں زرتاج گل اور دیگر شامل ہیں .