کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، فائل فوٹو
کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے، فائل فوٹو

اوباڑو میں ڈاکوؤں نے 50 لاکھ تاوان لیکر 9 مغوی ڈھولچی چھوڑدیئے

ڈہرکی (رپورٹ: میر عابد بھٹو) اوباڑو کچے میں چنیوٹ کے اغوا 9ڈھولچی پچاس لاکھ تاوان کے عیوض بازیاب ہوگئے، پولیس نے مقابلے میں بازیاب کرانے کا دعویٰ کردیا۔بازیاب ہونے والے مغویوں نے پچاس لاکھ روپے تاوان کے عیوض بازیابی کی تصدیق کردی، مغویوں کے بیان کے بعدگھوٹکی پولیس کا مقابلے میں بازیاب کرانے کا بھانڈا پھوٹ گیا،ڈاکوؤں نے پچاس لاکھ روپے تاوان کے عیوض مغویوں کی بازیابی کی ویڈیو شیئر کردی، تفصیلات کے مطابق اوباڑو کچے میں 23روز قبل پنجاب کے علاقے چنیوٹ سے تعلق رکھنے والے 9ڈھولچی جوکہ کچے کے علاقے میں شادی تقریب میں گئے ہوئے تھے جہاں پر ڈاکوؤں نے ڈھولچوں کا اغوا کرکے ورثاء سے ایک کروڑ روپے تاوان طلب کیا تھا، گھوٹکی پولیس کی کوشش کرنے کے باوجود مغوی بازیاب نہیں ہوسکے.

گزشتہ رات 9مغوی ڈھولچی پچاس لاکھ روپے تاوان کے عیوض بازیاب ہوئے ہیں، بازیاب ہونے والے مغویوں میں شفقت علی شیخ،طیب الرحمان شیخ،محمد اسماعیل شیخ،سہیل حیدر شیخ،محمد بلال شیخ،محمد قمبر شیخ،مشتاق احمد شیخ،عنصر علی شیخ اور محمد نعمان بھٹی شامل ہیں، دوسری طرف گھوٹکی پولیس نے مذکورہ مغویوں کو پولیس مقابلے میں بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا ہے، گھوٹکی پولیس کے ترجمان کے مطابق تقریباً 23 دن پہلے ضلع چنیوٹ کے رہائشی شفقت علی شیخ،طیب الرحمان شیخ،محمد اسماعیل شیخ،سہیل حیدر شیخ،محمد بلال شیخ،محمد قمبر شیخ،مشتاق احمد شیخ،عنصر علی شیخ اور محمد نعمان بھٹی والے شادی کے پروگرام کے لئے تھانہ آندل سندرانی کی حدود میں گئے تھے،جہاں سے وہ نامعلوم اغواء کاروں کے ہاتھوں اغواء ہو گئے تھے، ایس ایس پی صاحب گھوٹکی نے مغویوں کی بازیابی کے لئے ایس ایچ او تھانہ شہید دین محمد لغاری کو ذمہ داری سونپی تھی.

گزشتہ روز ایس ایچ او تھانہ شہید دین محمد لغاری سب انسپکٹر عبداشکور لاکھو کو خفیہ اطلاع ملی کہ ڈاکو مغویوں کو کسی دوسری جگہ منتقل کر رہے ہیں،ایس ایچ او بھاری نفری کے ہمراہ نشاندہی والے مقام پر پہنچے تو ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی پولیس نے بھی اپنے بچاؤ میں جوابی فائرنگ کی،اغواء کاروں نے اپنا گھیرا تنگ ہوتا ہوا دیکھ کر اور پولیس دباؤ کی وجہ سے ڈاکو مغویوں کو رونتی کچے میں چھوڑ کر فرار ہوگئے،پولیس نے مغویوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا ہے،بازیاب ہونے والے مغویوں کو قانونی کاروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کیا گیا ہے، دوسری طرف گھوٹکی پولیس کی طرف پولیس مقابلے میں مغویوں کا بازیاب کرانے کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے، بازیاب ہونے والے مغویوں کی ڈاکوؤں نے پیشگی ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہے.

بازیاب مغوی نے بتایا کہ ہمیں اغوا ہوئے 23روز ہوگئے ہیں لیکن ایس ایچ او عبدالشکور لاکھو نے ہماری بازیاب کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے، ہمارے ورثاء نے ڈاکوؤں کو پچاس لاکھ روپے تاوان دے کر ڈاکوؤں نے ہمیں چھوڑا ہے، ہمیں معلوم ہے کے بازیاب کے بعد پولیس ہمیں پکڑے گی اور ہمیں پولیس مقابلے میں بازیاب کرانے کا دعویٰ کرے گی ہمیں پولیس نے بازیاب نہیں کرایا ہے پچاس لاکھ روپے تاوان کے عیوض بازیاب ہوئے ہیں، دوسری طرف سوشل میڈیا پر گھوٹکی پولیس کا مقابلے میں مغویوں کو بازیاب کرانے کا بھانڈا پھوٹنے کے بعد ایس ایچ او عبدالشکور لاکھو نے بازیاب ہونے والے مغویوں پر دباؤ ڈال کر اپنے اور گھوٹکی پولیس کے حق میں ویڈیو بیان ریکارڈ کراکے سوشل میڈیا پر وائرل کرادیا ہے۔