اسلام آبادمیں آٹا مہنگا ہونےپراحتجاج کرنے والے 200 افرادکیخلاف مقدمہ

اسلام آباد ( اسٹاف رپورٹر )  اسلام آباد میں آٹا مہنگا ہونے پر احتجاج کرنے والے نو نامزد ملزمان سمیت 200 سے زائد افراد کیخلاف مقدمہ درج ، چھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا،  تفصیلات کےمطابق تھانہ شہزاد ٹاون میں ایس ایچ او محمد عظیم ایس آئی نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایاکہ لہتراڑ روڈ علی پور میں فضل الرحمن، نوید ، عرفان،  ناصر،  حمید خان، معلم اللہ، رشید اور ملک یاسین ، اکرام اللہ نے مرد و خواتین سمیت کل 200 افراد کے ہمراہ لہتراڑ روڈ  بنک سٹاپ کے سامنے احتجاج کیا،مردوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اور آہنی راڈ اٹھائے ہوئے تھے جنہوں نے دونوں طرف سے  روڈ ٹائر جلا کر مکمل طور پر بند کردی اور  آٹا مہنگا کرنے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے اپنے ساتھ  آئے ہوئے لوگوں اور عورتوں کو جلاو، گھراو اور توڑ پھوڑ کرنے پر اشتعال دلا رہے تھے، جس کی وجہ سے روڈ پر ایمبولینس اور خواتین ، بچے گاڑیوں میں محبوس ہو گئے اور کافی دور تک روڈ مکمل توڑ پر بند ہو گیا ،

مدعی مقدمہ کے مطابق مظاہرین کو بذریعہ میگافون واضع طور پر آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں مجمع خلاف قانون پر دفعہ 144 ض ف کا نفاذ ہے جن کے اس مجمع سے عوام الناس کو آمد ورفت میں دشواری پیش آرہی ہے آپ منتشر ہو جائیں لیکن مظاہرین کی قیادت نے مظاہرین کو مزید اشتعال دلا کر منتشر ہونے سے صاف انکار کر دیا اور ملازمان سے بے جا مز احمت کرنی شروع کر دی جنکو ہر لحاظ سے سمجھانے کی کوشش کی گئی مگر انہوں نے بات ماننے سے انکار کر دیا ،امت سے بات کرتے ہوئے مقدمہ کے تفتیشی آفیسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر  عبدالحد نے بتایا کہ وقوعہ 20 مارچ کو پیش آیا ، جس پر تھانہ شہزاد ٹاون کے ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد عظیم کی مدعیت میں 353، 341 ، 188، 186 ، 147، 149،109 ت پ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور  واقعہ میں ملوث چھ افراد کو گرفتار کر کے تفتیش کرنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا ہے اور  واقعہ میں ملوث مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں ، جن کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا