کراچی:اتحاد ٹاؤن میں مغویہ-ملزم کو حبس بے جارکھنے پر3 رشتہ دارگرفتار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اتحادٹاؤن سے مغویہ لڑکی اور ملزم کو حبس بے جا میں رکھنے کے معاملے کا ڈراپ سین، مغویہ کے دو ماموں اور بھائی سمیت3ملزمان کوگرفتارکرکے مغویہ کو بازیاب کرلیا گیا۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی ڈاکٹر حفیظ الرحمن کی ہدایت پر تفتیشی ٹیم کیماڑی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے مغویہ شمائلہ اور 6 سالہ بچے حمزہ کوبازیاب کرتے ہوئے مغویہ کے ماموں پرویز اورایاز اور مغویہ کے بھائی کامران کو گرفتارکرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق یکم مارچ 2023کو تھانہ اتحاد ٹاو ن میں مسمات شمائلہ اور 6 سالہ بچے حمزہ کے اغواءکا مقدمہ الزام نمبر 103/2023 بجرم دفعہ 364A/34 لڑکی کے ماموں اور ایک ملزم جنید نامی کے خلاف درج کیا گیا تھا، دوران تفتیش تشکیل کردہ تفتیشی ٹیم کو خفیہ اطلاع ملی کہ مغویہ اور نامزد ملزم کو مدعی پارٹی نے از خود پکڑ کر اپنے گھر میں بند کر کے رکھا ہوا ہے اور ان پر تشدد کیا جارہا ہے، تفتیشی ٹیم نے چھاپہ مار کر مدعی کے گھر سے مقدمہ کی مغویہ اور ملزم کو بازیاب کر لیا،جنہیں الگ الگ کمروں میں باندھ کر رکھا گیا تھا۔

مغویہ اور ملزم کو اغواءکرکے حبس بے جا میں رکھنے اور ان پر تشدد کے الزام میں مغویہ کے 2ماموں پرویز اور ایاز کے ساتھ مغویہ کے بھائی کامران کوحراست میں لے لیا گیا،ملزمان نے مغویہ اور ملزم جنید کے ٹھکانے کا پتہ لگنے پر از خود ان کو اغواءکر کے 3 دن تک گھر میں باندھ کر ان پر تشدد کرتے رہے اور ان کے لاپتہ رہنے کا ڈرامہ کرتے رہے،تاہم واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔