حکومت نے فیصلہ نہ مانا تو یوسف گیلانی جیسا حال ہوگا،شاہ محمود

اسلام آباد(امت نیوز)تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے عدالتی فیصلہ نہیں مانا تو ان کا حال یوسف رضا گیلانی جیسا ہوگا۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ حکومت نے دباؤ ڈالا، دھمکیاں دیں، اعلیٰ عدلیہ کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، آج عدالت نے نظریہ ضرورت کو دفن کردیا، سازشی قوتوں کو زندہ درگور کردیا، نظریہ ضرورت کے پیروکاروں کو شکست ہوگئی۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ملک میں آئینی اور غیر آئینی قوتوں کے درمیان لکیر واضح ہوگئی ہے، وہ عمران خان کے نمائندے کی حیثیت سے شفافت انتخابات کیلئے سب کو بات چیت کی دعوت دیتے ہيں۔
تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد نہيں کرسکتی ، صرف نظرثانی کی اپیل کرسکتی ہے، سپریم کورٹ ہی اپنا فیصلہ تبدیل کرنے کی مجاز ہے، کابینہ اسے تبدیل نہيں کرسکتی
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو چاہیے کہ سیاسی سمجھ بوجھ والے مشیروں سے مشورہ کریں ، آج آئین کی فتح ہوئی ہے، الیکشن نوے دن میں ہی ہوگا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 8 اکتوبر کو الیکشن کرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور 14 مئی کو الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔