قومی کرکٹ ٹیم کے غیر ملکی کوچز 11 اپریل کو پہنچیں گے

اسلام آباد(اُمت نیوز)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورۂ پاکستان کے لیے قومی ٹیم کے غیر ملکی کوچز 11 اپریل کو وطن پہنچ جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق گرانٹ بریڈبرن اور اینڈریو پیوٹک قومی وائٹ بال اسکواڈ کو 11 اپریل کو جوائن کرلیں گے، گرانٹ بریڈ برن کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اینڈریو پیوٹک کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا جائے گا، جبکہ سیریز میں عمر گل قومی وائٹ بال اسکواڈ کے بولنگ کوچ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق عمر گل 6 اپریل سے قدافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کیمپ میں شرکت کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کے دوران مکی آرتھر کے بھی پاکستان پہنچنے کے امکانات ہیں۔
مکی آرتھر کی 6 اپریل سے ڈربی شائر کے ساتھ کاؤنٹی چیمپئن شپ میں مصروفیات شروع ہونگی، مکی آرتھر کاؤنٹی چیمپئن شپ کے دوران پاکستان کا دورہ کرسکتے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کے اپریل کے تیسرے ہفتے میں پاکستان کا دورہ کرنے کے امکانات ہیں، پی سی بی مکی آرتھر کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کنسلٹنٹ بنانے کا خواہشمند ہے۔