فائل فوٹو

وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری

اسلام آباد(امت نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ اجلاس دو گھنٹے تک جاری رہا، اجلاس نے ’ چار۔ تین‘ کے تناسب سے آنے والے عدالتی حکم اور چار معزز جج صاحبان کے تفصیلی فیصلے پر غور کیا۔

6 اپریل کو قومی اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد پر تفصیلی مشاورت بھی کی گئی۔

وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے اجلاس کو مختلف آئینی وقانونی امور پر بریفنگ دی اور کابینہ ارکان کے سوالات کے جواب دیے۔

کابینہ نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی کہ وزارت قانون کی مشاورت سے اس معاملے میں پارلیمان سے رہنمائی حاصل کرنے کیلئے طریقہ کار اور ضابطہ کے مطابق سمری تیار کر کے کل کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے۔

دوسری طرف میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب میں انتخابات کےلیے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی پر فیصلہ نہ ہوسکا اور معاملہ پارلیمنٹ میں لے جانے پر اتفاق کیا گیا۔