نائیجیریا کے باشندے نے کچرے سے ماڈل ہوائی جہاز بنالیا

نائیجیریا(نیٹ نیوز) نائیجیریا کے باشندے نے اگرچہ کبھی ہوائی سفر نہیں کیا لیکن جہاز سازی کے شوق کے تحت انہوں نے فاضل اشیا اور کچرے سے اڑنے والے طیارے کا ماڈل بنایا ہے جو ریموٹ کنٹرول سے اڑتا ہے۔

بولاجی نے ری سائیکل ہونے والے پیکنگ فون کو کاٹ کر اس سے ہوائی جہاز کا ڈھانچہ اور پر بنائے۔ یہ فوم اس نے کوڑے کے ڈھیر سے اٹھائے تھے۔ اس طرح ایک میٹر بازو والے طیارے کا بیرونی ڈھانچہ تو بن گیا۔ اس کے بعد بولاجی نے ایک دکان سے ریڈیو ریموٹ کنٹرول اور موٹرسمیت پنکھڑیاں خریدیں۔ واضح رہے کہ انہوں نے ایک ٹیپ کی مدد سے پورے جہاز کی دم ، بازو اور دیگر حصوں کو جوڑا۔

آخرکار وہ دن آگیا جب بولاجی نے اپنا ماڈل طیارہ کامیابی سے اڑایا اور لوگوں نے اسے داد بھی دی۔ اب بولاجی کو ایک ادارے نے انٹرنشپ دی ہے تاکہ وہ اپنے شوق کو آگے بڑھاتے ہوئے ایئروناٹیکل انجینیئر بننے کا اپنا خواب پورا کرسکیں۔